ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / یوپی انتخابات:مودی کے گڑھ میں اپنوں اور مخالفین کے درمیان پھنسی بی جے پی 

یوپی انتخابات:مودی کے گڑھ میں اپنوں اور مخالفین کے درمیان پھنسی بی جے پی 

Sun, 05 Mar 2017 12:14:51  SO Admin   S.O. News Service

وارانسی،4؍مارچ (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )اتر پردیش اسمبلی انتخابات کی جنگ اب اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی کے پارلیمانی حلقہ وارانسی میں بی جے پی کی ساکھ کو کس طرح بچایا جائے ، اس کوشش میں بی جے پی کی پوری مرکزی قیادت لگی ہوئی ہے، باوجود اس کے بی جے پی امیدواروں کو مخالفین کے ساتھ ہی اپنوں کی طرف سے بھی چیلنج کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، جس سے کئی سیٹوں پر مقابلہ دلچسپ ہوتا نظر آ رہا ہے۔قابل ذکرہے کہ وارانسی میں کل 8 اسمبلی حلقے ہیں، سیواپور ی، شیو پور ی، اجگرا، پنڈرا، شہر شمالی، شہر جنوبی، بنارس کینٹ اور روہنیا۔گزشتہ اسمبلی انتخابات 2012میں بنارس کی 3 سیٹ وارانسی کینٹ، وارانسی شمالی اور وارانسی جنوبی سیٹوں پر بی جے پی کا قبضہ رہا تھا۔فی الحال بنارس میں بی جے پی کو ان تینوں سیٹوں کو بچانے کے لیے ایڑی چوٹی کازور لگانا پڑ رہا ہے جبکہ سیواپور ی اسمبلی میں بھی کانٹے کی ٹکر دکھائی دے رہی ہے۔ مودی کے پارلیمانی حلقہ میں اگر کوئی سیٹ سب سے زیادہ موضوع بحث ہے ،تو وہ وارانسی جنوبی سیٹ ہے،اس کی وجہ یہاں سے بی جے پی کے قدآور اور موجودہ رکن اسمبلی اور مسلسل سات بار الیکشن جیت چکے شیام دیو رائے چودھری کا ٹکٹ کٹنا ہے۔یہ سیٹ برہمن اکثریتی سیٹ مانی جاتی ہے، یہاں سے بی جے پی نے موجودہ رکن اسمبلی شیام دیو رائے چودھری کا ٹکٹ کاٹ کر نیل کنٹھ تیواری کو میدان میں اتارا ہے۔اسی سیٹ سے ایس پی اور کانگریس اتحاد کی جانب سے راجیش مشرا کو ٹکٹ ملا ہے،حالانکہ راجیش بنارس سے کانگریس کے ٹکٹ پر ایک بار ممبر پارلیمنٹ بھی منتخب کئے چکے ہیں، باوجود اس کے انہیں بھی رائے دہندگان کے درمیان سخت محنت کرنی پڑ رہی ہے۔بی ایس پی نے یہاں سے راکیش ترپاٹھی کو میدان میں اتارا ہے، وہ اپنے مخالفین کو سخت ٹکر دے رہے ہیں، علاقے کے لوگ بتاتے ہیں کہ برہمن اکثریتی سیٹ پر جیت کی کنجی مسلم اور دلت رائے دہندگان کے ہاتھ میں ہے، یہاں مسلم رائے دہندگان کا رجحان ایس پی کی جانب مانا جا رہا ہے، ایسے میں راجیش مشرا بی جے پی امیدوار کو سخت ٹکر دے رہے ہیں۔


Share: